Hot Posts

6/recent/ticker-posts

پونے میں الیکشن کمیشن کی ٹیم نے زیورات سے بھرے ٹیمپو کو پکڑا، ضبط شدہ سونے کی مالیت 139 کروڑ

مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے پیشِ نظر الیکشن کمیشن کی اسٹیٹک سرویلنس ٹیم (ایس ایس ٹی) نے جمعہ کے روز 139 کروڑ روپے کی سونے کی کھیپ پکڑی ہے۔ یہ سونا ایک لاجسٹک کمپنی کی گاڑی میں منتقل کیا جا رہا تھا۔ پونے کی ایک جوئلری کمپنی نے اس سونے کو قانونی قرار دیا ہے۔

پونے میں تعینات پولیس ڈپٹی کمشنر (زون-2) اسمارتنا پاٹل نے بتایا کہ سہکار نگر علاقے میں سیکوئل گلوبل پریشیس لاجسٹکس کے ایک ٹیمپو کو روکا گیا۔ تلاشی کے دوران ٹیمپو میں زیورات سے بھرے بکس ملے، جو ممبئی سے آ رہے تھے۔ اس پر انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ اور الیکشن افسران کو آگاہ کیا گیا۔

پی این گاڈگلِ اینڈ سنس کے سی ای او امیت مودک نے بتایا کہ زیورات کی یہ کھیپ قانونی ہے اور مختلف سوناروں کی دکانوں کے لیے تھی۔ ہر زیور کے ساتھ جی ایس ٹی چالان بھی موجود ہے۔ امیت کے مطابق ٹیمپو ڈرائیور کو اس کھیپ کی تفصیلات نہیں بتائی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا، ’’یہ صرف بھیجنے والے سونار اور حاصل کنندگان کو ہی پتہ ہوتا ہے۔ کھیپ میں ہماری شاخوں سے بھیجے گئے سونے کے پرانے زیورات بھی ہیں۔ اس کے علاوہ تقریباً 1.5 کروڑ روپے کے ہیرے کے زیورات بھی ہیں۔’’


غور طلب ہے کہ 21 اکتوبر کو بھی پونے دیہی میں 5 کروڑ روپے کی نقدی برآمد کی گئی تھی۔ ممبئی-بنگلورو شاہراہ پر پولیس نے ناکہ بندی کی تھی۔ اسی دوران کھیڑ-شیو پور کے پاس کار سے یہ نقدی ضبط کی گئی تھی۔ یہ کار ستارا کی طرف جا رہی تھی۔ کار میں 4 لوگ سوار تھے۔ واضح ہو کہ مہاراشٹر میں 15 اکتوبر سے مثالی ضابطہ اخلاق نافذ ہے اور 20 نومبر کو ایک ہی مرحلے میں یہاں کی 288 سیٹوں کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے۔

Post a Comment

0 Comments